ابنا: غزہ میں غاصب صہیونی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر سراپا احتجاج بن گئی اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں طلبہ اور صحافیوں نے غاصب اسرائیل کے خلاف مظاہرے کئے۔ ڈگری کالج شوپیان کے طلبہ نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بطور کلاسوں کا بائیکاٹ کیا اور غزہ میں ہوئی ہلاکتوں کے خلاف مظاہرے کئے۔ طلبا وطالبات کی ایک بڑی تعداد جامع مسجد کے احاطے میں جمع ہوئی اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس احتجاج میں شرکت کریں۔اسی اثناء میں مختلف اسکولوں کے طلبہ بھی اس مظاہرے میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے اور ہزاروں مظاہرین نے جلو س کی صورت میں گول چوک اور بونہ بازار سے ہوتے ہوئے مختلف علاقوں میں مارچ کیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’فلسطینیوں کا قتل عام بند کرو، اقوام متحدہ سو کیوں رہا ہے؟ فلسطین آزاد ہوکر رہے گا‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ سرینگر میں بھی پریس کالونی کے باہر طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف پُر امن احتجاج کیا۔ بارہمولہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق ڈگری کالج کے طلبہ نے مظفر آباد شاہراہ پر نکل کر اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس دوران ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کولگام کے اہتمام سے بھی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بطوراحتجاجی مظاہرے کئے۔ ایسوسی ایشن سے وابستہ ممبران نے قصبہ کے کئی بازاروں کا مارچ کیا اور غاصب اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔
.......
/169