ابنا: بحرین میں چودہ فروری نامی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ نے دسیوں مسجدوں اور امام بارگاہوں کو مسمار کردیا ہے اور ان مسجدوں اور امام بارگاہوں کی زمینوں پر تفریحی مقامات کی تعمیر کرنا چاہتی ہے لیکن ملت بحرین آل خلیفہ کی اس گھناونی سازش کو ناکام بنانے کے لئے مسجدوں کے کھنڈروں پر نماز ادا کرتی ہے۔ اس تنظیم کے بیان میں کہا گيا ہے کہ ملت بحرین اپنے مقدسات کا دفاع کرے گي اور ایک مدت سے بہت سی مسجدوں کے کھنڈروں پر نماز ادا کررہی ہے۔ ادھر بحرین کے ایک معروف عالم دین شیخ بشار العالی نے کہا ہے کہ آل خلیفہ کی حکومت نے بے بنیاد بہانوں سے دسیوں مسجدوں کو شہید کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ کا دعوی ہے کہ اس نے مسجدوں کی تعمیر نو کے لئے بجٹ مختص کیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہےکہ یہ حکومت اعتراف کررہی ہے کہ اس نے مساجد مسمار کی ہیں۔ واضح رہے آل خلیفہ کے کارندوں نے پینتیس مسجدوں کو مکمل طرح سے مسمار کردیا ہے اور دسیوں مسجدوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ آل خلیفہ ان مساجد کی تعمیر نو کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ واضح رہے ملت بحرین اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی جاہلانہ امتیازی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔
.......
/169