16 جون 2014 - 11:36
ایران کے نائب صدرکی یوروگوئہ کے صدر سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے تمام میدانوں میں یوروگوئہ کے ساتھ تعاون میں فروغ لانے پر آمادگي ظاہر کی ہے۔

ابنا: رپورٹ کے مطابق اسحاق جہانگيری نے اتوار کو مقامی وقت کے مطابق یوروگوئہ کے صدر خوزہ موخیکا سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ چونکہ لاطینی امریکہ کے بعض ممالک خود مختار ہیں لھذا ایران ان ممالک سے تعلقات میں فروغ لانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طولانی مسافت کے باوجود لاطینی امریکہ کے بعض ملکوں اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ یہ ملاقات بولیویا میں گروپ ستتر کے اجلاس کے موقع پر انجام پائي ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے کہا کہ ایران یوروگوئہ کو اپنے تجربوں اور علم و دانش سے بہرہ مند کرنے کی آمادگي رکھتا ہے۔ انہوں نے مشترکہ کمیشن کے قیام کی ضرورت پر تاکید کی اور کہا کہ مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک ایک دوسرے کی توانائيوں اور مشترکہ تعاون کے مواقع سے آگاہ ہوسکتے ہیں۔ یوروگوئہ کے صدر خوزہ موخیکا نے بھی کہا کہ ان کا ملک تمام میدانوں میں ایران کے ساتھ گہرے تعلقات اور بھرپور تعاون کا خواہشمند ہے۔ واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگيری بولیویا میں گروپ ستراور چین کے اجلاس میں شرکت کرنے گئے ہیں۔

.......

/169