15 اپریل 2014 - 03:44
ریچرڈ فرائے کے جسد کو ایران میں دفن کرنے کا مسئلہ زیر غور

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ایک باخبر ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ وزارت خانہ نے آنجہانی "ریچرڈ فرائے" کے اہل خانہ کی درخواست اعلی حکام کو منتقل کردی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ایک باخبر ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ وزارت خانہ نے آنجہانی "ریچرڈ فرائے" کے اہل خانہ کی درخواست اعلی حکام کو منتقل کردی ہے اور اس حوالے سے دیگر امور متعلقہ ادارروں سے مربوط ہیں۔ امریکہ کے معروف ایران شناس "ریچرڈ نلسن فرائے" کا حال ہی میں انتقال ہوگیا ہے اور انہوں نے وصیت کی ہے کہ ان کے جسد کو، ایران کے تاريخی و ثقافتی شہر اصفہان میں واقع زایندہ نہر کے کنارے دفن کیا جائے، اس مسئلہ کے حوالے سے کچھ اعتراضات بھی سامنے آئے ہیں۔ ایران کی وزارت خارجہ کے پریس نوٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے باخبر ذرائع نے وضاحت کی ہے کہ اس درخواست پر حتمی فیصلہ متعلقہ حکام ہی کرسکتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں بعض نیوز ویب سائٹز نے دعوی کیا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "محمد جواد ظریف" نے امریکہ کے معروف ایران شناس آنجہانی "ریچرڈ نلسن فرائی" کے ایران میں دفن ہونے کا حکم دیدیا ہے۔ واضح رہے کہ "ریچرڈ نلسن فرائی" کا 94 سال کی عمر میں 27 مارچ کو انتقال ہوگیا ہے۔ وہ کولمبیا اور ھارورڈ کی یونیورسٹیوں میں ایرانی اسٹیڈی چیئر کے بانیوں میں سے تھے اور انہوں نے ایران کی تاریخ سے مربوط کئی کتابیں و مقالے تحریر کیئے ہیں اور ان کا شمار دنیا کے معروف ترین ایران شناسوں میں ہوتا ہے۔ آنجہانی "ریچرڈ نلسن فرائی" نے وصیت کی ہے کہ ان کو ایران کے تاریخی و ثقافتی شہر اصفہان کی نہر زایندہ کے قریب ان کے استاد "آرتھور پاپ" کے پہلو میں دفن کیا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲