5 اپریل 2014 - 13:43
افغانستان میں صدارتی اور صوبائی کونسلوں کے انتخابات کے لۓ ووٹنگ جاری

افغانستان میں آج صدارتی اور صوبائی کونسلوں کے انتخابات کے لۓ ووٹنگ ہو رہی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق  صدر کے عہدے کے لۓ آٹھ امیداروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ صوبائی کونسلوں کے انتخابات کے لۓ دو ہزار سات سو امیدوار میدان میں ہیں۔ پولنگ افغانستان کے مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوئی۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی اور نائب صدر محمد یونس نے کابل کے ایک اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔افغان صدر حامد کرزئی نے اس موقع پر کہا  کہ آج کا دن افغانستان کے مستقبل کیلۓ انتہائی اہم ہے. انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ووٹ ڈال کر اپنی رائے کا اظہار کریں۔ افغانستان کے نائب صدر محمد یونس نے بھی اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ آج افغانستان کے لۓ قومی جشن ہے۔ انھوں نے افغان عوام سے کہا کہ وہ اس جشن میں شرکت کریں اور اپنے ووٹ ڈال کر ایک طاقتور حکومت کے قیام میں تعاون کریں۔ دریں اثناء اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ افغان عوام بڑی تعداد میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔ افغانستان میں تقریبا بارہ ملین افراد کو رائے دہی کا حق حاصل ہے۔ دو لاکھ پچیس ہزار ملکی اور غیر ملکی مبصر ان انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ افغانستان کے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صدارتی انتخابات کے ابتدائي نتائج کا اعلان چوبیس اپریل کو کیا جائے گا۔ ادھر انتخابات کے موقع پر حفاظت کے سخت انتظامات کۓ گۓ ہیں اور ہزاروں سیکورٹی اہلکاروں کو مختلف شہروں میں تعینات کیا گيا ہے جبکہ اس ملک کے صوبۂ لوگر کے ایک پولنگ اسٹیشن میں آج صبح ایک بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد زخمی ہوگۓ ہیں۔ صوبۂ غزنی میں بھی طالبان نے راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔ صوبۂ فاریاب  کے شہر تگاب میں ایک شخص حملے کے مقصد سے ایک پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونا چاہتا تھا لیکن سیکورٹی فورسز نے ہر طرح کے حملے سے قبل ہی اسے گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ طالبان نے اس سے قبل دھمکی دے رکھی تھی کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے والوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنائیں گے۔

.............

242

لیبلز