12 مارچ 2014 - 20:30
حکومت پاکستان کے طالبان کے ساتھ مذاکرات فیصلہ سازی کے مرحلے میں داخل

پاکستان میں حکومت اور طالبان کے مذاکرات فیصلہ سازی کے مرحلے میں داخل ہوگئے۔

ابنا: پاکستان میں حکومت اور طالبان کے مذاکرات فیصلہ سازی کے مرحلے میں داخل ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ایک طرف حکومت نے نئی کمیٹی تشکیل دی ہے اور دوسری طرف طالبان کا موقف جاننے کیلئے طالبان کمیٹی شمالی وزیرستان پہنچی ہے۔ شمالی وزیرستان جانے والوں میں مولانا یوسف شاہ اور پروفیسر ابراہیم کے علاوہ جے یو آئی سی کے شمالی وزیرستان کے امیر مولانا عبدالحئی حقانی بھی شامل ہیں۔شمالی وزیرستان جانے کے لیے طالبان کمیٹی کو سرکار نے ہیلی کاپٹر کی سہولت فراہم کی ہے ، روانگی سے پہلے پشاور میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے طالبان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ پہلا مرحلہ کامیابی سے طے ہوا اور اب فیصلہ سازی کے مرحلے پر بھی وہ کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔اس موقع پر پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ وہ عوام سے مذاکرات کی کامیابی کے لئے دعا کی اپیل کرتے ہیں۔دوسری طرف علامہ طاہر اشرفی کی سربراہی میں آل پاکستان علما کونسل کے وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں مذاکرات کی کامیابی اور ملک میں امن و امان کے معاملے پربات کی گئی، ملاقات کے بعد علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے غیر جنگی قیدی رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲