8 مارچ 2014 - 20:30
عراقی وزیراعظم : سعودی عرب و قطر، عراق میں تشدد کے ذمہ دار

عراق کے وزیراعظم نوری المالکی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ان کے ملک میں تشدد کے اصلی ذمہ دار سعودی عرب اور قطر ہیں۔

ابنا: عراق کے وزیراعظم نوری المالکی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ان کے ملک میں تشدد کے اصلی ذمہ دار سعودی عرب اور قطر ہیں۔  انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان دونوں ملکوں نے عراق میں دہشتگردوں کو ہتھیار فراہم اور ان کی مالی مدد کرکے عراق کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے۔ عراق کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ سعودی عرب و قطر کے حمایت یافتہ یہ دہشتگرد گروہ، شام سے عراق میں داخل ہوئے ہیں جو ان کے ملک میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ نوری المالکی نے تاکید کے ساتھ کہا  کہ عراق میں سّنی مسلمانوں کو درکنار کئے جانے کی رپورٹ صرف افواہ ہے جو سعودی عرب اور قطر پھیلا رہے ہیں۔ دوسری جانب عراقی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں رونما ہونے والے تشدد کے واقعات میں گیارہ افراد مارے گئے ہیں جن میں چار بچّے بھی شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ عراق میں تشدد کے واقعات میں حالیہ دنوں کے دوران کافی اضافہ ہوا ہے جس سے عراقی حکام اور عوام میں گہری تشویش پیدا ہوگئی ہے۔......./169