18 فروری 2014 - 20:30
جامعۃ المصطفیٰ (ص) کے فارغ التحصیلان کی اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کے اعلی عہدہ داروں کے ساتھ میٹینگ+ تصاویر

آیت اللہ اختری نے امام صادق علیہ السلام کی ایک حدیث سے استناد کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ علماء مکتب اہلبیت(ع) کے پاسبان اور دشمن کے مقابلے میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے مجاہد ہیں۔

اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ دنیا کے ۵۰ ممالک سے تشریف لائے ہوئے جامعۃ المصطفیٰ (ص) العالمیہ کے ۶۳ فارغ التحصیل علماء اور فضلاء کے ساتھ اہلبیت (ع)عالمی اسمبلی کے اعلی عہدہ داروں کی ایک اہم میٹنگ آج بوقت عصر قم میں اسمبلی کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں جامعۃ المصطفیٰ (ص) کے شعبہ بین الاقوامی امور کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین حکیم الہی، اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے شیعہ ثقافتی امور کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر لک زائی اور اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل آیت اللہ اختری نے خطاب کیا۔اس میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر لک زائی نے کہا ہے کہ اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ یہ ادارہ ایک سرکاری اور مذہبی ادارہ ہونے کے عنوان سے دنیا کے کونے کونے میں موجود ہر شیعہ کی حمایت کرے لہذا جامعۃ المصطفیٰ کے طلاب اس مقصد تک پہنچنے کے لیے ہمارے لیے بہترین ذریعہ اور سرمایہ ہیں۔اس نشست کے آخر میں آیت اللہ اختری نے امام صادق علیہ السلام کی ایک حدیث کی طرف استناد کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ علماء مکتب اہلبیت(ع) کے پاسبان اور دشمن کے مقابلے میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے مجاہد ہیں۔انہوں نے علاقے میں تکفیری وہابیوں کے ہاتھوں انجام پانے والے وحشتناک جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب علما کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم کوئی ایسا بہانہ تکفیریوں کے ہاتھوں میں نہ دیں جس کی بنا پر وہ شیعوں کا خون بہائیں۔اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے اس بات پر تاکید کی کہ شیعہ علماء کو اہلسنت کے علماء کے ساتھ روابط قائم کرنا چاہیے اور شیعہ سنی علماء کو مل کر وہابیت کے چنگل سے مسلمانوں کونجات دلانا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲