15 فروری 2014 - 20:30
عراق میں دہشتگردوں کی جاری شکست

عراق کے مغربی صوبے الانبار میں دہشتگردوں کے خلاف فوج کی کاروائياں جاری ہیں اور فوج نے مزید علاقے دہشتگردوں سے پاک کردئے ہیں۔

ابنا: فلوجہ ہائي وے اور سامرا نیز الانبار صوبے کے زیادہ تر شہروں میں امن قائم ہوچکا ہے اور اب یہ علاقے، دہشتگردوں کے وجود سے پاک ہوچکے ہیں۔ ادھر اس صوبے کے ایک عہدیدار نے کہا ہے قبائل فورس نے داعش دہشتگرد گروہ کے بیس افراد کو ہلاک کردیا ہے۔ حکومت بغداد کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہونے کاوقت قریب آنے پر ڈیڑھ سو دہشتگردوں نے الرمادی میں ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نوری المالکی نے الانبار صوبے کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سابق بعث پارٹی کے اراکین ملک واپس آسکتے ہیں تاہم عدلیہ ان لوگوں کے بارے میں فیصلہ کرے گي جن کے ہاتھ، ملت عراق کے خون سے رنگین ہیں۔ نوری المالکی نے کہا کہ ان کی حکومت، بیرون ملک مقیم عراقیوں یہانتک کہ بعثی عناصر کی وطن واپسی کی مخالف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے آشوب زدہ صوبے الانبار کی تعمیر نو کے لئے بجٹ مخصوص کیا ہے۔ نوری المالکی نے نام لئے بغیر بعض ملکوں پر الزام لگایا کہ وہ عراق میں مداخلت کررہے ہیں اور یہ مداخلت بند ہونی چاہیئے۔ واضح رہے کہ عراقی حکام نے بارہا کہا ہے کہ ان کے ملک میں جاری دہشتگردی میں سعودی عرب اور قطر ملوث ہیں۔

.......

/169