ابنا: مصر میں اخوان المسلمین کے حامیوں نے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کرکے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ ذرائع کے مطابق اخوان المسلمین کے حامیوں نے ٹائر جلاکر سڑکیں بند کردی تھیں۔ معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں نے بدھ کی رات قاہرہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے بعد محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئيں۔ متصادم گروہوں کو منتشر کرنے کےلئے پولیس نے آنسو گيس کے گولے داغے۔ مظاہرین نے فوج کے سربراہ جنرل سیسی کے خلاف نعرے لگائے۔ اطلاعات کے مطابق قاہرہ میں فوج اور پولیس نے التحریر اسکوائر کو بند کررکھا ہے اور اس مقام پر مظاہرے کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ قاہرہ میں طلعت اسکوائر پر کچھ لوگوں نے نعرے بازی کی اور سیاسی قیدیوں کی رہائي کا مطالبہ کیا۔ اخوان المسلمین نے آئندہ جمعے سے ملک گير مظاہروں کی کال دی ہے۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ صوبہ بنی سویف میں ایک پولیس چوکی پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ اخوان المسلمین کے منتخب صدر محمد مرسی کی معزولی کے بعد سے اب تک مصر میں جاری تشدد میں دو سو پچاس پولیس اہلکار اورفوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ مصری فوج نے محمد مرسی کو گذشتہ برس تین جون کو معزول کردیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
22 جنوری 2014 - 20:30
News ID: 499404
مصر میں اخوان المسلمین کے حامیوں نے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کرکے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔