19 جنوری 2014 - 20:30
وزیر خارجہ کی اپنے یمنی ہم منصب سے گفتگو

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یمن میں مسلح دہشتگردوں کے وحشیانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ بین الاقوامی قوانین و اصول کی بنیاد پر سفارت خانے اور سفارتکاروں کی حفاظت کی ذمہ داری، یمن کی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

ابنا: انہوں نے اپنے یمنی ہم منصب سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس سلسلے میں ذمہ دار افراد کی فوری گرفتاری اور قانونی کاروائی اور اسی طرح اغوا کئے گئے سفارتکار نیکبخت کی فوری رہائی کے لئے صنعا حکومت کے موثر و سنجیدہ اقدامات کا خواہاں ہے۔ اسلامیہ جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مسلح دہشتگردوں کے اس قسم کے شرمناک اقدامات سے یمن کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے بارے میں ایرانی حکومت کے عزم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔اس گفتگو میں یمن کے وزیر خارجہ ابوبکر القربی نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایرانی ہم منصب اور شہید اسدی کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی اور تاکید کی کہ ایران کے ساتھ یمن کے تعلقات بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں اور صنعا، ایرانی سفارت خانے اور سفارتکاروں کی سیکورٹی میں اضافے کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔  انہوں نے کہا کہ یمنی حکومت، ذمہ دار افراد کی گرفتاری اور انہیں سزائیں دینے کے لئے اپنی کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔یمنی وزیر خارجہ نے کہا کہ یمن، ایران کے ساتھ ہر طرح کے تعاون منجملہ اس سلسلے میں ایران کی جانب سے ممکنہ طور پر روانہ کئے جانے والے وفد کا خیر مقدم کرنے کے لئے آمادہ ہے۔  انہوں نے کہا کہ ان کے ملک کی حکومت، اغوا کئے جانے والے ایرانی سفارتکار کی رہائی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب ایرانی وفد یمن پہنچ گیا ہے۔واضح رہے کہ مسلح افراد ایرانی سفارتکار ابو القاسم اسدی کو صنعا میں اغوا کرنے کی کوشش کررہے تھے مگر سفارتکار کی جانب سے استقامت کے بعد، مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس میں وہ شہید ہو گئے۔

.......

/169