6 جنوری 2014 - 20:30
ایران دنیا میں تشدد اور انتہا پسندی کی مخالفت کا علمبردار

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران اس وقت دنیا میں تشدد و انتہا پسندی کا مقابلہ کئے جانے کی مہم کا علمبردار ہے۔

اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ابنا۔  صدر مملکت نے آج تہران میں ایران کے مختلف صوبوں کے گورنروں کے پہلے اجلاس سے اپنے خطاب میں تاکید کے ساتھ کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دنیا کو تشدد و انتہا پسندی سے پاک کئے جانے کے بارے میں ایران کی تجویز، ایسی حالت میں منظور کی گئی ہے کہ ایران کے بعض بدخواہ ممالک تہران پر ہمیشہ تشدد و دہشتگردی اور انتہا پسندی کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ ایران کے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایران کی تجویز کی منظوری کے بارے میں اغیار کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے تشہیرات کا مشاہدہ نہیں کیا گیا اسلئے کہ وہ ہمیشہ ایران کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرتے رہے ہیں۔جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ سمجھوتہ طے پانے میں ایرانی فریق کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے  کہا کہ اس سلسلے میں ابتدائی سمجھوتہ ایک مشکل اور پیچیدہ امر تھا جس کیلئے دلیرانہ فیصلے کی ضرورت تھی۔ صدر مملکت نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ایرانی حکام نے خود کو قومی مفادات کے حصول کی راہ میں فداکاری کیلئے آمادہ کرلیا ہے، کہا کہ ایران کی حکومت، ہر اس مسئلے میں یقینی طور پر میدان عمل میں نظر آئیگی جو ایرانی قوم کی مصلحتوں اور اس کے مفادات کو پورا کئے جانے سے متعلق ہوگا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح ایران کی معیشت کے بارے میں تاکید کے ساتھ کہا کہ اس وقت ایرانی منڈیوں میں نسبتا استحکام پایا جاتا ہے اور ایران کے خلاف پابندیوں کے باوجود افراط زر کی شرح میں کمی آنا ایران کی کامیابی کو ثابت کرتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲