10 دسمبر 2013 - 20:30
بنگلہ دیش میں عبدالقادر ملا کو پھانسی کے وارنٹ جاری کرنے کی مذمت کرتے ہیں، جماعت اسلامی

رہنما جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی نے ایک بیان میں کہا کہ 1971ء میں پاکستان کو بچانے والوں کو اب بھارت کی ایما پرپھانسی کی سزائیں سنائی جارہی ہیں۔

ابنا: بنگلہ دیش میں عبدالقادر ملا کو پھانسی کے وارنٹ جاری کرنے کی مذمت کرتے ہیں، جماعت اسلامی اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سجاد احمد عباسی اور جنرل سیکرٹری راجہ محمد جواد نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما عبدالقادر ملا کو پھانسی کے وارنٹ جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان، انسانی حقوق کی تنظیموں، او آئی سی اور اقوام متحدہ سے اس پر آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں قائم کر رہی ہے۔ 1971ء میں پاکستان کو بچانے والوں کو اب بھارت کی ایما پرپھانسی کی سزائیں سنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے بزرگ رہنماؤں کو نام نہاد عدالت کی طرف سے دی جانے والی سزاؤں کے حوالے سے حکومت پاکستان اور پاک آرمی کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں چپ کا روزہ توڑنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد پر آنے والے انتخابات میں شکست کا خوف سوار ہے، اسی لیے وہ اپوزیشن اتحاد کی ایک اہم جماعت کے رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنماؤں کو پاکستان اور آرمی کا ساتھ دینے کی پاداش میں سزائیں سنائی جا رہی ہیں، جو کہ سرا سر ظلم اور انتقامی کارروائیاں ہیں ۔حکومت پاکستان کو اس ظلم اور زیادتی پر بنگلہ دیش حکومت سے سخت احتجاج کرنا چاہیے۔

.....

/169