ابنا: شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی ایک سازش کا نتیجہ ہے، جس سے فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے پروگراموں کے پرامن انعقاد میں انتظامیہ اور دوسرے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی منصوبے کے تحت رونماء ہوا، جس میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی اور شیعہ سنی کو آپس میں لڑانے کیلئے اشتعال پھیلایا گیا۔ ایس یو سی خیبر پختونخوا کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی گذشتہ رونماء ہونے والے سانحہ نشتر پارک سے مشابہت رکھتا ہے۔ واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ انتظامیہ کی غفلت سے اتنا بڑا واقعہ رونما ہوا۔ واقعہ کی سرکاری سطح پر جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور ملوث عناصر کو سزا دی جائے۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے پروگرام اور عاشور کے جلوس کے پرامن انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، بلدیہ اور تاجر برادری کی کوششوں کو سراہا اور میڈیا کو پیغام نواسہ رسول (ص) احسن طریقے سے عوام تک پہنچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
.......
/169