24 ستمبر 2013 - 20:30
بلوچستان میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد238 ہوگئی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کےمختلف علاقوں میں کل آنے والے زلزلے سے اب تک283افراد جاں بحق اور400 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان حکومت کے ترجمان جان محمد بلیدی نے کے مطابق صرف آواران میں زلزلے سے جاں بحق افرادکی تعداد 208 ہوگئی ہے، 100 سے زائد زخمی ہیں جبکہ مشکے میں 55 اور تربت میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور صوبائی حکومت نے ضلع آواران میں ایمر جنسی نافذ کر دی۔

ابنا: بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے شام چار بج کر 29 منٹ پر محسوس کئے گئے، جن کا دورانیہ ایک سے ڈیڑھ منٹ تک تھا۔ سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے کامرکز بلوچستان کے علاقے دالبندین کے قریب زمیں میں 23 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔زلزلے سے درجنوں مکانات گرگئے۔ لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ زلزلے نے ضلع اواران میں زیادہ تباہی مچائی۔آواران میں طبی سہولتوں کی عدم دستیابی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے کوئٹہ ، حب، خضدار، قلات، سبی ، مستو نگ ، جعفر آباد ، گوادر،تربت، پنجگور، خاران، جھل مگسی،نوشکی اور ملحقہ علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے تاہم وہاں کسی جانی و مالی نقصانات کی اطلاع نہیں ملی۔ کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بھی زلزلہ آیا لیکن یہاں دورانیہ کم رہا۔ نئی دہلی ، احمد آباد ، متحدہ عرب امارات کے کچھ علاقوں اور مسقط میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

.......

/169