16 ستمبر 2013 - 19:30
ولادت باسعادت حضرت امام رضا(ع) مبارک ہو

آج سارے ایران اور بیشتر ملکوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام کے روز ولادت باسعادت کی مناسبت سےجشن اور خوشیاں منائي جارہی ہیں۔

ابنا: مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس کو کئي دنوں پہلے سے نہایت خوبصورتی سے سجایا گيا ہے اور بے مثال چراغاں کیا گيا ہے۔ کئی دنوں سے آپ کے روضہ اقدس میں محفلوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں شعرا اور مقررین اھل بیت عصمت و طھارت علیھم السلام کی خدمت میں نذرانہ عقیدت پیش کررہے ہیں۔اسی طرح قم میں بھی حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس میں لاکھوں زائرین کا مجمع ہے جو زیارتسے مشرف ہونے کے ساتھ ساتھ محفل مقاصدہ میں بھی شرکت کرکے ثواب حاصل کررہا ہے۔ ایران کے ہر چھوٹے بڑے شہروں، مسجدوں، امام بارگاہوں اور علماء و مراجع کرام کے گھروں میں گذشتہ شب ہی سے جشن اور محافل مقاصدہ کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس میں عوام بھر پور طرح سے شرکت کررہے ہیں اور اپنے آٹھویں امام کے روز ولادت باسعادت کی مناسبت سے خوشیاں منا رہے ہیں۔ ایران بھر میں بالخصوص تہران قم اور مشہد مقدس میں ہرسڑک پر شربت کی سبیلیں لگی ہیں اور لوگ ایک دوسرے کومٹھائياں پیش کررہے ہیں۔ حضرت امام رضا علیہ السلام کے روز ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایران میں تمام مقدس مقامات پرچراغاں کیا گيا ہے۔ عراق سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نجف اشرف، کربلائے معلی، سامرا اور کاظمیں میں آٹھویں امام کے ولادت باسعادت کی مناسبت سے لاکھوں افراد مقدس مقامات کی زیارت سے فیض حاصل کررہے ہیں اور محافل مقاصدہ میں شرکت کررہے ہیں۔ شام اور لبنان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان علاقوں میں بھی اھل بیت نبوت و عصمت کی دسویں فرد کے روز ولادت کی مناسبت سے ہرجگہ خوشی کا سماں ہے۔ بیروت میں حزب اللہ لبنان نے ایک عظیم جشن کا اہتمام کیا تھا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ ادھر مرکزی ایشیا اور خلیج فارس کے عرب ملکوں میں بھی ہرچند سرکاری پابندیاں لاگو رہیں لیکن عوام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام کے روز ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن منائے۔ مصرمیں تکفیریوں کی سرگرمیوں کے باوجود اھل بیت عصمت و طہارت کے عقیدت مندوں نے محفلیں منعقد کرکے خاندان نبوت کو خراج عقیدت پیش کیا۔......./169