11 اگست 2013 - 19:30
شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، دہشتگردی پر جلد قابو پا لیں گے، چوہدری نثار

کوئٹہ میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن قائم کرنے کیلئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھرپور تعاون کرنیکی یقین دہانی کروائی ہے۔

ابنا: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ 13 سال قبل دہشتگردی کی جنگ ہم پر مسلط کی گئی، پاکستان کو ان دیکھے دشمنوں کا سامنا ہے، ہمارے حوصلے بہت بلند ہیں، دہشتگردی پر جلد قابو پا لیں گے۔ کوئٹہ میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ کوئٹہ آنے کا مقصد قومی یکجہتی کا پیغام ہے۔ وزیراعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک سے بلوچستان کے حالات ہر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ وفاقی حکومت بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑنے والے اہلکاروں کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پولیس اور شہداء کے بچوں کا بھرپور خیال کیا جائے گا۔ ہماری فورسز کے حوصلے بلند ہیں۔ دہشتگردی پر بہت جلد قابو پا لیں گے۔ دہشتگرد ہمارے عزائم کمزور نہیں کرسکتے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ پاک فوج کے سربراہ نے بلوچستان پولیس کو 5000 سب مشین گنز فراہم کرنے اور ہنگامی بنیادوں پر ٹریننگ دینے کی بھی بھرپور یقین دہانی کروائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 13 سال تک کسی نے نینشل سکیورٹی کا نام تک نہیں لیا۔ 13 سال کی خرابیاں ایک دن میں دور نہیں ہوسکتیں۔ ہم ہوم ورک سے یہ کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہم قابل عمل اور پائیدار سکیورٹی پالیسی تشکیل دینا چاہتے ہیں، تاکہ اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جاسکے۔ سول اور ملٹری خفیہ ایجنسیاں مربوط انداز میں آپس میں اطلاعات کا تبادلہ کرینگی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ دہشتگردی کے کئی واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

.......

/169