11 ستمبر 2026 - 23:10
ایران کا بڑا اعلان، آخری دم تک دفاع کریں گے

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم کا پیغام واضح ہے کہ وہ آخر تک اپنا دفاع کرے گی۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،سی جی ٹی این سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رضا نجفی نے کہا کہ حملے سے قبل ایران کی تمام جوہری تنصیبات تک رسائی موجود تھی، لہٰذا موجودہ صورتحال حملے اور ایران کے خلاف جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہوئی اور اس پر ایران کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایران ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ اس وقت ایجنسی کے معائنہ کاروں کے ایران جانے اور بوشہر پاور پلانٹ کا دورہ و معائنہ کرنے کا پروگرام موجود ہے، اس لیے تعاون جاری ہے۔ تاہم جن تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ان کے حوالے سے خطے میں تمام دشمنانہ کارروائیاں ختم ہونا ضروری ہیں۔

رضا نجفی نے کہا کہ ماضی میں بھی دیکھا گیا ہے کہ کسی قرارداد کی منظوری کے بعد جارحیت اور فوجی کارروائی ہوئی، جو امریکا اور اس کے اتحادیوں کا ماضی کا طرز عمل رہا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہو سکتا ہے۔

ایرانی نمائندے نے مزید کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ذرائع کے استعمال کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم ایرانی قوم کبھی ان کے مطالبات کے سامنے تسلیم نہیں کرے گی اور ایران کو اپنا تیل لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

رضا نجفی نے واضح کیا کہ ایرانی قوم کا پیغام یہی ہے کہ وہ آخر تک اپنا دفاع کرے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha