ابنا: دہشتگردوں نے سندھ میں بھی آئی ایس آئی کے کی عمارت کو نشانہ بنا دیا۔ سکھر کی بیراج کالونی میں آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر پر خودکش حملے میں دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت تین افراد شہید جبکہ 40 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس اور رینجرز نے کمپلیکس کو کلیئر کرا لیا۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان پشاور اور فیصل آباد کے بعد اب کی بار دہشت گردوں نے سکھر کا انتخاب کیا اور سکھر میں کیر تھر کینال کے قریب بیراج کالونی میں واقع آئی ایس آئی دفتر سے افطار کے وقت دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی۔ دہشت گردوں کا نشانہ دیگر حساس اداروں کے دفاتر بھی تھے، جن کی عمارتوں کو بھی دھماکے میں بری طرح نقصان پہنچا اور آئی ایس آئی کی عمارت منہدم ہو گئی۔ بیراج کالونی انتہائی سیکیورٹی زون ہے، جہاں آئی ایس آئی کمپلیکس کے علاوہ ملٹری انٹیلی جنس کمپلیکس شہباز رینجرز ہیڈکوارٹر، کمشنر ہاؤس، ڈی آئی جی ہاؤس، سرکٹ ہاؤس، محکمہ آبپاشی کے حکام کی رہائشگاہیں اور چیف انجینئر کے دفتر کے علاوہ رہائشی کالونی بھی ہے۔ افطار کے وقت دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی بیراج کالونی سے ٹکرا دی، جس سے ہر طرف تباہی پھیل گئی۔ آئی ایس آئی کی عمارت کے علاوہ کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ دھماکے کے بعد 5 خودکش حملہ آور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے کالونی کے اندر داخل ہوگئے اور انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں اور دفاتر پر بم بھی پھینکے۔ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ بم حملوں اور فائرنگ سے عورتوں اور بچوں سمیت 50 کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔ کئی افراد لاپتہ ہوگئے۔ لوگ اپنے عزیزوں کو ڈھونڈتے رہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں تمام خودکش حملہ آور مارے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشن نے میڈیا کو بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے بہترین جوابی کارروائی کی، اے ایس پی سٹی مسعود بنگش کے مطابق دھماکے میں 25 سے تیس کلوگرام بارود استعمال کیا گیا۔ حساس ادارے کے دو اہلکار اور ایک شہری دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ رینجرز ترجمان کے مطابق آئی ایس آئی اور رینجرز نے علاقے کو کلئیر کرالیا۔ تین دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے جبکہ 2 نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ایک حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ وزیر اعلٰی سندھ نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے واقعے کی مذمت کی ہے۔......./169
25 جولائی 2013 - 19:30
News ID: 445230
اے ایس پی سٹی مسعود بنگش کے مطابق دھماکے میں 25 سے تیس کلوگرام بارود استعمال کیا گیا۔ حساس ادارے کے دو اہلکار اور ایک شہری دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ رینجرز ترجمان کے مطابق آئی ایس آئی اور رینجرز نے علاقے کو کلئیر کرالیا۔