24 جولائی 2013 - 19:30
مٹھی بھر دہشتگرد ملکی سلامتی کیلئے چیلنج بن چکے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

سکھر میں حساس ادارے کے دفتر پر ہونیوالے حملے پر مذمتی بیان دیتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے والوں کو نشان عبرت بنانا چاہیے، حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے عوام اور قومی اداروں کو قربانی کا بکرا بنانا چھوڑ دیں۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے سکھر میں حساس ادارے کے دفتر پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد ملکی سلامتی کے لئے چیلنج بن چکے ہیں، تکفیری دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن ہی اس ناسور کے خاتمے کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ دہشت گرد جب بھی کمزور ہونے لگتے ہیں تو مذاکرات کا ڈھنڈورا پیٹنا شروع کر دیا جاتا ہے، قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کو نشان عبرت بنانا چاہیے، حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے عوام اور قومی اداروں کو قربانی کا بکرا بنانا چھوڑ دیں، بصورت دیگر عوام کے ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچ جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گرد تکفیری گروہ منظم ہو رہا ہے جو پاکستان میں شام جیسے حالات پیدا کرنے کی مکمل منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ علامہ ناصرعباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان نازک دور سے گذر رہا ہے۔ لٰہذا محب وطن قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دہشت گردوں کو بےنقاب کریں، جس طرح حالیہ الیکشن میں پاکستان بھر میں ان کو رسوا کیا گیا، اسی طرح قومی دھارے میں شامل  تمام سیاسی جماعتیں ان کالی بھیڑوں کو اپنے سے الگ کریں، تاکہ ملک میں امن، استحکام قائم اور فرقہ واریت کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے واقعے میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی۔

.......

/169