30 جون 2013 - 19:30
مصر: مظاہرے، مرسی کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم

مصر میں صدر مرسی کے مخالف دھڑوں نے آج سے دوبارہ مظاہرے شروع کردئے ہیں لیکن اس مرتبہ یہ مظاہرے صدارتی محل کےپاس ہورہے ہیں۔

ابنا: گذشتہ روز مصری عوام نے قاہرہ اور دیگر شہروں میں عظیم مظاہرے کرکے صدر مرسی کےخلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔ بتایاجاتاہےکہ ان مظاہروں میں ایک کروڑ ستر لاکھ افراد نے شرکت  کی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق صدارتی محل کے پاس مظاہرین نے خیمے لگالئے ہیں اور بدستور مظاہرے کرنے کا  اعلان کیا ہے۔ اجتماع کرنے والوں نے ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں جن پر صدر مرسی کے استعفی کے مطالبے دیکھے جاسکتے ہیں۔ادھر اطلاعات ہیں کہ پولیس بھی مظاہرین میں شامل ہوچکی ہے ۔مظاہرین نے وزیر دفاع سے مطالبہ کیا ہےکہ مرسی کو ہٹانے اور مظاہرین کی حمایت کے لئے میدان میں اترآئيں۔  گذشتہ روز کے مظاہروں میں چھے افراد ہلاک اور چھے سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ صدر مرسی کے مخالفین ان کے استعفی یا قبل از وقت انتخابات کے خواہاں ہیں۔ادھر تحریک جواناں مصر نے صدر مرسی کو اڑتالیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر صدر نے استعفی نہیں دیا تو ملک بھر میں نئے سرے سے مظاہرے ہونگے۔  ...../169