20 جون 2013 - 19:30
مسلم رہنماوں کی طرف سے اسرائیلی صدر کے بیان کی مذمت

ہندوستان کے مسلم رہنماؤں نے غاصب اسرايئل کے صدر کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

ابنا: دہلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے مسلم رہنماؤں نے ایک بیان جاری کرکے غاصب اسرائیل کے صدر شمعون پریز کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں کو نظر انداز کرکے اسرائیل کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کی بات کہی ہے۔ہندوستانی مسلم رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں شمعون پریز کے اس بیان کو ہندوستان کے داخلی امور میں مداخلت بھی قراردیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ذرائع ابلاغ میں صیہونی حکومت کے صدر شمعون پیریز کے حوالہ سے ایک بیان شائع ہوا ہے جس میں کہا گيا ہے کہ ہندوستان اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرے اور اس سلسلے میں مسلمانوں کی ناراضگی کو نظر انداز کردے۔مسلم رہنماؤں کے مشترکہ بیان میں کہا گيا ہے کہ ہم اسرائيل کے صدر کے اس بیان کی پوری قوت اور بغیر کسی تحفظ کے مذمت کرتے ہیں اور یہ کہ یہ بیان ہندوستان جیسے خود مختار اور آزاد ملک کے داخلی امور میں مداخلت ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اسرائيل کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مقبوضہ علاقے واپس کرے اور غزہ پر اپنا مجرمانہ محاصرہ اور مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیاں ختم کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲