15 مئی 2013 - 19:30
سعید جلیلی اور کیتھرین اشٹون کے درمیان گفتگو مفید رہی

یورپی یونین کی سیاست خارجہ کی سربراہ کیتھرین اشٹون کا خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہنا تھا کہ ہمارے درمیان مفید بحث و گفتگو ہوئی ہے۔

ابنا:  فارس نیوز کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی جمہوری ایران کی اعلٰی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر سعید جلیلی اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کمیشن کی سربراہ کیتھرین اشٹون کے درمیان مسلسل چار گھنٹے تک مذاکرات ہوئے، جو ترکی کے مقامی وقت کے مطابق ایک بجے اختتام پذیر ہوئے۔ مذاکرات کے بعد خبر نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سعید جلیلی کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیاں مفید مذاکرت ہوئے ہیں اور یہ طے پایا ہے کہ ایک دوسرے کے موقف اور نکتہ نظر کو بہتر طور پر سمجھنے اور کسی اتفاق رائے تک پہچنے کیلئے رابطے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس سوال کے جواب میں کہ مذاکرات کا اگلا دور کب ہوگا، ایران کی اعلٰی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے آئندہ دور کی تاریخ کے تعین کے لئے ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔ ادھر یورپی یونین کی سیاست خارجہ کی سربراہ کیتھرین اشٹون کا خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہنا تھا کہ ہمارے درمیان مفید بحث و گفتگو ہوئی ہے لیکن اس گفتگو کو مذاکرات کہنا صحیح نہیں ہوگا، کیونکہ دونوں اطراف سے ابھی تک جو تجاویز پیش کی گئیں تھیں، زیادہ تر ان کے بارے میں گفتگو ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بعد والے مرحلے کے لئے غور و فکر کریں گے اور جلد ہی ایک دوسرے سے رابطہ کریں گے۔ ڈاکٹر سعید جلیلی آج استنبول میں واقع ایرانی قونصلیٹ کے اندر پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر سعید جلیلی اور کیتھرین اشٹون کی ملاقات گذشتہ اپریل میں قزاقستان کے دارالحکومت آلماتی میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کے بعد ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان دو ہزار دس کے بعد سے اب تک مذاکرات کے آٹھ دور ہوچکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲