29 اپریل 2013 - 19:30
بے نظیر قتل کیس کا چالان، پرویز مشرف قصوروار

بینظیر قتل کیس میں ساتواں عبوری چالان مرتب کر لیا گیا۔ چالان میں پرویز مشرف کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔

ابنا: بینظیر قتل کیس میں ساتواں عبوری چالان مرتب کر لیا گیا۔ چالان میں پرویز مشرف کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ چالان تین مئی تک انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ دو روز تک سب جیل میں کی جانے والی تحقیقات کی روشنی میں مرتب کردہ عبوری چالان میں پرویز مشرف کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ چالان میں کہا گیا ہے سابق صدر نے تفتیشی ٹیم کے سامنے جھوٹ کا سہارا لیا اور بینظیر بھٹو کی سکیورٹی کی ذمہ داری دوسروں پر عائد کرتے رہے۔ پرویز مشرف پر دہشت گردی، قتل اور اعانت جیسے الزامات ہیں، تاہم سابق صدر کا نام خانہ نمبر دو سے نکال کر خانہ نمبر تین میں ڈال دیا گیا ہے، خانہ نمبر دو میں اشتہاری ملزم کو رکھا جاتا ہے۔ ادھر سابق وزیر داخلہ رحمان ملک سے آج کی جانے والی تفتیش کے لئے ایف آئی اے نے سوال نامہ تیار کر لیا ہے جبکہ سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے بیانات پہلے ہی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ اس سے قبل پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پرویز مشرف کو آج عدالت میں پیش کیا جانا تھا لیکن سکیورٹی خدشات کے باعث انہیں پیش نہیں کیا گیا اور چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔ پرویز مشرف کو فارم ہاؤس سب جیل میں ہی رکھا جائے گا۔ ریمانڈ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کا کہنا تھا کہ دوسروں پر ذمہ داری ڈال کر پرویز مشرف بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔ بے نظیر قتل کیس کا باقاعدہ ٹرائل تین مئی سے شروع ہوگا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲