23 اپریل 2013 - 19:30
لداخ میں ہند چین باڈر پر حالات شدید کشیدہ

ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے صوبہ لیہ لداخ میں ہند چین باڈر پر حالات شدید کشیدہ ہیں۔

ابنا: ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے صوبہ لیہ لداخ میں ہند چین باڈر پر حالات شدید کشیدہ ہیں۔ وزارت خارجہ ترجمان نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ لائن آف ایکچول کنٹرول پر لیہ میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور چینی حکومت کو صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے اپنی فوج ہنگامی بنیادوں پر واپس بلانی چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج بھی راستہ روکنے کیلئے وہاں نزدیک ہی الرٹ ہے اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ لداخ کے دولت بیگ سیکٹر میں صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ دونوں فوجی آمنے سامنے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں فوج تو آمنے سامنے ہی ہوگی اور بھارتی فوج کسی بھی طور پر اپنے علاقے کو چھوڑ نہیں سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کیلئے چین ہی ذمہ دار ہے کیونکہ دراندازی بھی اسی طرف سے ہوئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ا ن ہی وجوہات کی بناء پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیداہو گئی ہے ۔تاہم انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج پوری طرح سے صبر سے کام لے رہی ہے اور مذاکرات کے ذریعے ہی اس مسئلے کا کوئی قابل قبول حل نکل آئے تو ایسا ہی سوچنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چینی فوج کی دراندازی کے بعد جو بھی اقدامات اٹھانے چاہیں تھے وہ مرکزی حکومت نے اٹھائے کیونکہ دونوں ممالک کے فوجی کمانڈروں نے تناو ٔکی صورتحال کو زائل کرنے کیلئے فلیگ میٹنگ بھی کی اور پہلی فلیگ میٹنگ میں کچھ بھی سامنے نہیں آیا اور یہ میٹنگ ناکام ہو گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اب دونوں طرف سے ایک مرتبہ پھر آج میٹنگ ہو گی جس میں صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے بچانے کی کوششیں کی جائیگی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲