19 اپریل 2013 - 19:30
ولایت کی پیروی کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے

ایران کے صوبہ سمنان کے امام جمعہ اور نمائندہ ولی فقیہ نے ولایت کی پیروی کو سب کی ذمہ داری قرار دیا ہے۔

ابنا: رپورٹ کے مطابق آیت اللہ سید محمد شاہچراغی نے صوبے کی ثقافتی کونسل کے مرکزی آفس کے اراکین سے ملاقات کے دوران فاطمی ثقافت اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی یاد منانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو ولایت کی پیروی اور قائد انقلاب اسلامی کی اطاعت کرنی چاہیے۔

انہوں نے الیکشن کو سیاسی جدوجہد کا ایک اہم جلوہ قرار دیتے ہوئے تمام جماعتوں اور پارٹیوں کے مابین وحدت وانسجام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

شاھچراغی نے مزید کہا ہے کہ ایرانی عوام کی کامیابی کا حقیقی راز وحدت میں مضمرہے اور ہم سب کو حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور قائد انقلاب اسلام کے اہداف ومقاصد کی پیروی کرتے ہوئے اپنے عمل اور کردار سے وحدت کو فروغ دینا چاہیے۔

صوبہ سمنان میں نمائندہ ولی فقیہ نے اسلام میں وحدت کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات میں جتنی اہمیت وحدت کو دی گئی ہے کسی اور مسئلے کو نہیں دی گئی ہے اور ایران میں اس وقت قائد انقلاب اسلامی اسلامی وحدت واتحاد کے محور و مرکز ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وحدت اسلام کے بنیادی اراکین میں سے ایک رکن ہے اور اسلام توحید اور وحدت جیسے دو ستونوں پر استوار ہے۔

.......

/169