13 اپریل 2013 - 19:30
دختر رسول کا يوم شہادت ، ايران اور عراق سميت پوري دنيا ميں عزاداري

دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ عليہا کے يوم شہادت پر پورا ايران اسلامي سوگوار ہے -دارالحکومت تہران سميت پورے ايران ميں عزاداري کا سلسلہ جاري ہے –

ابنا: اسي کے ساتھ نجف اشرف ميں امير المومنين حضرت علي عليہ السلام کا روضہ اقدس بھي عزاداروں سے مملو ہے - ہندوستان اور پاکستان ميں بھي دختر رسول کا عزاداري کا سلسلہ جاري ہے - دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ عليہا کي  شہادت  کي تاريخ  بعض روايتوں ميں  تيرہ جمادي الاول اور بعض ميں تين جمادي الثاني بتائي گئي ہے اس مناسبت سے ايران ميں بيس دن تک ايام فاطمي کي مناسبت سے عزاداري کا سلسلہ جاري رہتا ہے –

تيرہ جمادي الاول سے شروع ہونے والا عزاداري کا سلسلہ گزشتہ دنوں وسيع تر ہوگيا  - سنيچر کي رات مشہد مقدس ميں فرزندرسول حضرت امام علي رضا عليہ السلام کے روضہ اطہر ، قم ميں آپ کي خواہر گرامي حضرت معصومہ فاطمہ سلام اللہ عليہا کا روضہ اقدس ، دارالحکومت تہران ميں حضرت امام خميني رحمت اللہ عليہ کا مزار اشرف اور اسي طرح حضرت شاہ عبدالعظيم کا روضہ اور ديگر مذہبي مراکز ، اور حسينيے ، دختر رسول کے عزاداروں سے مملو رہے -

اتوار کو نماز صبح کے بعد  سے ہي پورے ايران ميں عزاداري کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا-

دارالحکومت تہران ميں حسينيوں، مساجد اور مذہبي مراکز کے ساتھ ہي ، امام حسين اسکوائر، ہفت تير اسکوائر، صادقيہ اسکوائر اور فاطمي اسکوائر سميت اہم چوراہوں پر عزاداري کے اجتماعات کا اہتمام کيا گيا جو نماز ظہرين تک جاري رہا -

تہران ميں ايام فاطمي کي مناسبت سے،  حسينيہ امام خميني رحمت اللہ عليہ ميں ، گزشتہ برسوں کي طرح اس سال بھي خمسہ مجالس کا اہتمام کيا گيا جس ميں قائد انقلاب اسلامي آيت اللہ العظمي سيد علي خامنہ اي نے بھي شرکت کي -

مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کي رپورٹ کے مطابق روضہ اقدس ميں سنيچر کي رات اور اتوار کو لاکھوں عزاداروں کا اجتماع رہا اور نماز ظہرين تک عزاداري کے دستوں کي آمد کا سلسلہ جاري رہا –

قم ميں حضرت معصومہ فاطمہ سلام اللہ عليہا کے  روضہ اقدس ميں  بھي سنيچر کي  پوري رات عزاداري کا سلسلہ جاري رہا اور نماز صبح کے بعد سے ہي عزاداروں کے دستے آنا شروع ہوگئے - مشہد مقدس ميں حضرت امام علي رضا عليہ السلام اور قم ميں حضرت معصومہ فاطمہ سلام اللہ عليہا کے روضوں ميں شام غريبان فاطمي کي مجالس کا بھي اہتمام کيا گيا ہے جو اتوار کو نماز مغربين کے بعد شروع ہوگا -  قم کے مضافات ميں واقع مسجد جمکران ميں بھي لاکھوں عزاداروں کا اجتماع رہا -

ايران کے ديگر تمام شہروں اور قريوں ميں بھي دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ عليہا کے يوم شہادت کي مناسبت سے  مجالس عزا کا اہتمام  کيا گيا اور جلوسہائے عزا بر آمد ہوئے -

  عراق کے تمام شہروں اور قصبوں ميں بھي يوم شہادت دختر رسول کي مناسبت سے پر شکوہ انداز ميں عزاداري کي مجالس منعقد ہوئيں –

عراق ميں اس مناسبت سے سب سے بڑا اجتماع نجف اشرف ميں امير المومنين حضرت علي عليہ السلام کے روضہ اقدس ميں ہوا-ہمارے نمائندے کي رپورٹ کےمطابق نجف اشرف ميں روضہ امير المومنين ميں سينچر کي رات اور اتوار کو لاکھوں عزادار سينہ زني اور نوحہ خواني ميں مصروف رہے -

  کراچي، لاہور، کوئٹہ ، ملتان، اسلام آباد ، راولپنڈي ، دہلي، ممبئي، لکھنؤ ، حيدرآباد، علي پور، بنگلور اور  کولکتہ سميت پاکستان اور ہندوستان ميں بھي حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ عليہا کے يوم شہادت کي مناسبت سے کئ دن سے عزاداري کا سلسلہ جاري ہے –

 اس مناسبت سے  بد امني کے باوجود شام کے مختلف شہروں ميں بھي مجالس عزا منعقد ہوئيں، لبنان کے مختلف شہروں سے بھي دختر رسول کے يوم شہادت کي مناسبت عزاداري کي رپورٹيں موصول ہوئي ہيں –.......

/169