12 اپریل 2013 - 19:30
آصف علی زرداری سے چینی سفیر لیوجیان کی ملاقات

اسلام آباد میں ہونیوالی اس ملاقات میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیز کو پاکستان میں توانائی اور انفرا سٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

ابنا: صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں چين کے سابق سفیر لیوجیان نے ملاقات کی، جس ميں دو طرفہ روابط اور تعاون کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گيا۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر زرداری اور لیوجیان کے درميان ملاقات میں علاقائی سلامتی، دو طرفہ اقتصادی تعاون اور پاکستان میں چینی ماہرین کی جانب سے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی، ڈپٹی ہیڈ آف چائنہ مشن یاؤوین بھی ملاقات میں موجود تھے۔
دیگر ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے چین کے سفیر لیو جیان نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق چین کے سفیر لیو جیان سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف زردای نے کہا کہ پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، چینی کمپنیز کو پاکستان میں توانائی اور انفرا سٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ صدر زرداری نے خطے کے استحکام کے لیے چین کے کردار کو بہت اہم قرار دیا۔ چین کے سفیر لیو جیان نے پاکستان میں مختلف منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

.....

/169