28 مارچ 2013 - 19:30

پی ایم ایل (ن) سندھ کے صدر نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لئے مسلم لیگ (ن) تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ جدوجہد میں مصروف ہے۔

ابنا: پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر جسٹس ریٹائرڈ سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کے لئے تاریخ بدلنے کا وقت قریب آرہا ہے۔ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لئے مسلم لیگ (ن) تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ جدوجہد میں مصروف ہے۔ میاں محمد نواز شریف کی اولین ترجیح مستحکم پاکستان ہے اور ان کی کوشش ہے کہ عام انتخابات کے لئے ایسی ٹیم کو سامنے لایا جائے جس کا کوئی بدل نہ ہو۔ جسٹس ریٹائرڈ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک سندھ کے عوام بھی نئے اور مستحکم پاکستان کے لئے میاں نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
 
غوث علی شاہ نے ایک خصوصی بیان میں کہا کہ اس بار مسلم لیگ (ن) لاڑکانہ اور نواب شاہ سمیت سندھ کے ہر ضلع سے حیران کن کامیابیاں حاصل کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور رہنماﺅں نے جتنی بڑی تعداد میں پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستیں دی ہیں، اس جذبے کو دیکھ کر میاں محمد نواز شریف سندھ کے عوام سے یقینی توقع رکھتے ہیں کہ سندھ کے عوام اس بار پاکستان کو ووٹ دیں گے۔ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے ہر سطح کے ذمہ داران ایک منظم اور فاتح ٹیم کی طرح کی کارکردگی کے ساتھ آئندہ عام انتخابات میں میاں محمد نواز شریف کی تاریخی کامیابی کے لئے میدان میں نکلیں۔

غوث علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ دس بارہ سالوں میں کمزور اور نااہل حکمرانی نے ملک کی جڑیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نہ صرف ماضی قریب کے حکمرانوں کے دئے ہوئے دکھوں کا ازالہ کرے گی بلکہ ایک شاندار اور مضبوط پاکستان کے لئے نئی منصوبہ بندی بھی ہمارے منشور کا اہم جزو ہے۔ سندھ دھرتی نے اپنا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حق میں سنا دیا ہے۔ ہمیں اللہ تعالٰی کی ذات اور پاکستان کے غیور عوام سے مکمل امید ہے کہ پاکستان کو بچانے کے اس تاریخی موقع پر پاکستان کی خالق جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اپنے اعتماد سے شاندار کامیابیاں دلائیں گے۔
............
/242