21 اکتوبر 2026 - 01:05
1 | محمد بن سلمان کے زوال کی کہانی، دی اکانومسٹ کی زبانی

دی اکانومسٹ (The Economist) کی رپورٹ کے مطابق، محمد بن سلمان اپنے دورِ اقتدار کے مشکل ترین دور سے گذر رہا ہے۔ "انصار اللہ" کی جانب سے حملے، کمزور ہوتی ہوئی معیشت، اور ڈونلڈ ٹرمپ پر بڑھتا ہوا عدم اعتماد؛ ان سب عوامل نے سعودی ولی عہد کے عزائم کے سامنے ایک سنگین چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ برطانوی اخبار "دی اکانومسٹ"، اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں، سنہ 2026 کو "سعودی ولی عہد کے مصائب کا سال" قرار دیا ہے اور لکھا ہے:

گذشتہ برسوں کے دوران، محمد بن سلمان مرکزی کردار ادا کرنے اور چمکنے دمکنے کی تیاری کرتا دکھائی دیتا تھا۔ سعودی دارالحکومت میں 26 اکتوبر سے سالانہ ’فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو‘ (FII) ـ جسے اکثر "صحرا کا ڈیووس" (Davos in the Desert) کہا جاتا ہے ـ کا انعقاد ہونا تھا۔ اس ہفتے کے دوران، ولی عہد روایتی طور پر سربراہانِ مملکت، مالیاتی دنیا کی بڑی شخصیات اور دیگر اہم افراد سے ملاقاتیں کرتا ہے، جو سعودی عرب کے ساتھ معاہدے کرنے اور معاشی تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

تاہم، کئی ہفتوں سے یمن کی "انصار اللہ" تحریک ریاض کو میزائلوں اور ڈرونز کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کئی مہلک حملوں کے بعد:

- شہر کا ہوائی اڈہ عملی طور پر بند ہو چکا ہے:

- مغربی حکومتوں نے سفری ہدایات (travel advisories) جاری کی ہیں اور اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب جانے سے گریز کریں،

- کاروباری اداروں کے سربراہان کو خدشہ ہے کہ ہوٹل اور دیگر مقامات جہاں تقریبات منعقد ہوتی ہیں، حملوں کا ہدف بن سکتے ہیں۔ بالآخر، کئی دنوں کی غور و خوض اور مشاورت کے بعد، منتظمین نے 19 اکتوبر کو اعلان کیا کہ اس تقریب کو اگلے سال تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ایک دہائی قبل جب محمد بن سلمان اقتدار میں آیا، تو اس نے کئی بڑے اور پرخطر فیصلے کیے تھے:

- اس کو یقین تھا کہ وہ "انصار اللہ" کو شکست دے سکے گا،

- سعودی معیشت کی کایا پلٹ سکے گا، اور

- ڈونلڈ ٹرمپ پر ایک قابلِ اعتماد اتحادی کے طور پر بھروسہ کر سکے گا؛ لیکن

اب، یہ تینوں اندازے ـ ایک ہی وقت میں ـ غلط ثابت ہو چکے ہیں۔

یہ سال سعودی بادشاہت کے لئے تباہ کن ہے

"فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو" سربراہی اجلاس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ، محمد بن سلمان کے لیے ایک انتہائی تباہ کن اور المناک سال کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کو ایسے بحرانوں کا سامنا ہے جو آپس میں جڑے ہوئے ہیں، اور ان میں سے کسی کا بھی کوئی آسان یا فوری حل موجود نہیں ہے۔

یمن کی "انصار اللہ" کے سامنے ریاض مکمل طور پر بے بس ثابت ہؤا ہے؛ وہ اس تحریک کو شکست دینے میں ناکام رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

رپورٹ: شیدا فرہادیان پور

ترتیب و ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha