26 مارچ 2013 - 19:30

پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے نگران وزیراعظم کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی اور انتخابات میں فوج کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ابنا: پاکستان وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے منگل کی صبح وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ میر ہزار خان کھوسو سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

یہ آرمی چیف اور ایک دن قبل نگراں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے والے میر ہزار خان کھوسو کے درمیان پہلی دوطرفہ ملاقات تھی، جبکہ آج کور کمانڈر کانفرنس بھی منعقد ہو گی جس میں اس بات کے حوالے سے فیصلے کا امکان ہے کہ فوج انتخابات میں حکومت کو کس حد تک مدد فراہم کرے گی۔

وزیراعظم کے پریس آفس نے بتایا کہ آرمی چیف نے وزیراعظم کو سیکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گیارہ مارچ کو آئندہ انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے فوج سے مدد کی درخواست کی تھی۔

جوائنٹ چیف آف آرمی اسٹاف پہلے ہی پولنگ کے دوران فوج کی جانب سے سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دینے پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔

لیکن یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فوج نے اپنے دیگر محاذوں پر مصروفیات کے پیش نظر صرف انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب پاک فوج نے الیکشن مہم اور پولنگ کے درمیان امن و امان کے قیام کے لیے پشاور کے گرد ونواح اور خیبر ایجنسی میں آپریشن تیز کر دیے ہیں۔

ایک ملٹری آفیشل نے بتایا کہ ہم نے کوہاٹ اور پشاور کے فرنٹیئر ریجن، خیبر اور اورکزئی ایجنسی کے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

آئندہ الیکشن میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بڑا سوالیہ نشان برقرار ہے، جب کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک منتخب جمہوری حکومت کی جانب سے دوسری منتخب حکومت کو اقتدار کی منتقلی کا عمل پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/242