اسلام ٹائمز کے مطابق پروفیسر سبط جعفر زیدی کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ گذشتہ روز لیاقت آباد میں دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے والے کالج پرنسپل اور معروف شاعر و ادیب پروفیسر سبط جعفر کی نماز جنازہ امروہہ گراؤنڈ انچولی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے پڑھائی، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین، علامہ صادق رضا تقوی، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی رہنما علامہ ناظر عباس تقوی اور آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین سمیت ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین اور ممتاز شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ بعد میں میت تدفین کے لئے وادی حسین قبرستان میں لے جائی گئی، جہاں تدفین عمل میں آئی۔پروفیسر سبط جعفر کی ٹارگٹ کلنگ پر سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی اپیل پر آج تمام کالجز بند رہے جس کے باعث تدریسی عمل معطل تھا۔ سبط جعفر کی شہادت پر مختلف تنظیموں نے بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دیگر ذرائع کے مطابق معروف شاعر، ادیب، ماہر تعلیم اور ہر دل عزیز شخصیت پروفیسر سبط جعفر زیدی جو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے، انکی نماز جنازہ امروہہ گراونڈ میں ادا کی گئی اور سپر ہائی وے کے وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔انکی نماز جنازہ میں ہر مکتب فکر کے افراد نے شرکت کی، جن میں ماہرین تعلیم، اساتذہ، ان کے شاگرد، احباب اور ہزاروں سوگوار شامل تھے۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔ ہزاروں افراد کا جلوس جنازہ سپر ہائی وے پر واقع قبر ستان وادی حسین پہنچا، جہاں انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔ واقعے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین اور اساتذہ کی تنظیم سپلا نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔........../242
18 مارچ 2013 - 20:30
News ID: 401402
پروفیسر سبط جعفر زیدی کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ گذشتہ روز لیاقت آباد میں دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے والے کالج پرنسپل اور معروف شاعر و ادیب پروفیسر سبط جعفر کی نماز جنازہ امروہہ گراؤنڈ انچولی میں ادا کی گئی۔