22 فروری 2013 - 20:30

افغان حکومت نے پاکستانی طالبان کمانڈر مولوی فقیرمحمد کو پاکستان کے حوالے کرنے سے انکار کیا ہے ۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق افغانستان کی حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر مولوی فقیر محمد کی حوالگی سے متعلق پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ اس کا پاکستان کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان موسیٰ زئی نے پاکستان کی درخواست پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت کی مولوی فقیر محمد سے تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ لندن میں ہونے والی سہ فریقی سربراہ کانفرنس میں افغانستان نے پاکستان سے افغان قیدیوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا جو پاکستان نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا کوئی معاہدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کو یقین ہے کہ افغان طالبان قیدیوں کی حوالگی، امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کےلئے مفید ثابت ہوگی اور ہم اس معاملے پر پاکستانی حکومت کے ساتھ مزید بات چیت کرنے کےلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان معظم احمد خان نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ افغانستان میں حراست میں لئے جانے والے طالبان کمانڈر مولوی فقیر کو جلد از جلد پاکستان کے حوالے کیا جانا چاہیئے۔