16 فروری 2013 - 20:30

لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا کی حکومت نے کینسر کی سرجری کے بعد صدر اوگو چاویس کی پہلی تصویر جاری کی ہے.

ابنا: اس تصویر میں اٹھاون سالہ وینزويلا کے رہنما کو مسکراتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس میں وہ اخبار پڑھ رہے ہیں اور ان کے پاس ان کی دونوں بیٹیاں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ہوگو شاوہز گزشتہ برس گیارہ دسمبر سے عوام کے سامنے نہیں آئے ہیں۔ صدر ہوگو شاوہز کے کینسر کی تشخیص جون سنہ دو ہزار گیارہ میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی اور اٹھارہ ماہ میں اب تک ان کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔

کچھ تصاویر میں چاویس کو کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کااخبار’گرانما‘ پڑھتے دکھایا گیا ہے۔ ان تصویروں کو ٹیلی ویژن پر ان کے داماد اور وزیر سائنس نے پیش کیا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر جمعرات کو لی گئیں۔

وزیر اطلاعات ارنسٹو ویلگاس نے کہا کہ وینزويلا کے صدر ایک ٹیوب کے ذریعے سانس لے رہے ہیں اس لیے انھیں بولنے میں تکلیف ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنے احکام لکھ کر جاری کر رہے ہیں۔

وینزویلا میں چاویس کی صحت کے متعلق طرح طرح کی باتیں ہو رہی ہیں۔ کچھ طلبا کیراکس میں کیوبا کے سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کر رہے ہیں اور چاویس کی صحت کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔

صدر چاویس انیس سو ننانوے سے برسر اقتدار ہیں اور گذشتہ برس اکتوبر میں انہیں اگلے چھ سال کے لیے صدر منتخب کیا گیا تھا۔

.....

/169