15 فروری 2013 - 20:30

ہندوستان نے ایک پاکستانی فوجی کی لاش کو پاکستانی حکام کے حوالہ کردیا ہے۔

ابنا: اسلام آباد سے رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے کل جمعہ کو پاکستانی فوجی "اخلاق احمد " کی لاش کو جو ہندوستانی فوجیوں کی فائرنگ میں مارا گیا ہے پاکستانی حکام کے حوالہ کردیا ۔
پاکستان کا مذکورہ فوجی کنٹرول لائن کے لام سیکٹر میں غلطی سے سرحد پارکرکے ہندوستان کے زیر کنٹرول علاقے میں داخل ہوا تھا جسے ہندوستانی فوجیوں نے گرفتاری کے بعد قتل کردیا۔پاکستان نے اپنے اس فوجی کے قتل پر ہندوستان سے شدید احتجاج کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کے اقدام کو دوجانبہ معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔
پاکستانی فوج کے محکمۂ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے مطابق عینی شاہدین نے دیکھا کہ ہندوستانی فوجی سپاہی "اخلاق" سے اپنے علاقہ میں پوچھ گچھ کر رہے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم اپنے سپاہی کے غیر انسانی اور ظالمانہ انداز میں قتل کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے سپاہی نے راستہ بھول جانے کے بعد ہندوستانی فوجیوں کو اپنی شناخت کرائی اور اپنی پوزیشن کی وضاحت کی اس کے باوجود اسے مار دیا گیا۔ کسی فوجی کے راستہ بھولنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ پاک فوج نے ماضی میں متعدد بار ان ہندوستانی  فوجیوں کو واپس کیا جو راستہ بھول کر ادھر نکل آئے تھے“۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان راستہ بھول کر کنٹرول لائن پار کرنے والے اپنے فوجی کے قتل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ ہندوستان کا یہ اقدام دونوں ملکوں کے درمیان اس مفاہمت کے خلاف ہے جو راستہ بھولنے والے فوجیوں کی فوری واپسی کے لئے طے پائی تھی۔
پاکستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق ہندوستانی فوج نے کل جمعہ کو ایک بار پھر بٹل سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے پاکستانی فوج کا ایک حوالدار مارا گیا۔

.......

/169