ابنا: پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ افضل گورو کی پھانسی کے بعد ہندوستان نے کشمیریوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افضل گورو کی پھانسی کے بعد کشمیر میں ہندوستان کی چیرہ دستی بڑھ چکی ہے،کشمیری عوام کی امنگوں کو دبانے کے لئے کرفیو، گرفتاریوں، خبروں کے بلیک آؤٹ سمیت جابرانہ ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں،پاکستان کو اس صورتحال پر گہری تشویش ہے اور پاکستان، کشمیری عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اس موقع پر پھر اعادہ کرتا ہے۔پاکستان کے دفتر خارجہ نے اسی طرح ہندوستان کے زیرانتظام جموں وکشمیر میں حریت رہنماؤں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان، حریت رہنماﺅں کیخلاف ناروا سلوک بند کرے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق ،حق خودارادیت دے جس کو اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کر رکھا ہے۔ بیان میں پاکستان نے ایک بار پھر مسئلۂ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرکے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے اس مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔
.......
/169