6 فروری 2013 - 20:30

پاکستان اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے رہنماوں نے قاہرہ میں مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے اس کے فوری حل پر تاکید کی۔

ابنا: پاکستان اورھندوستان کے زیر انتظام کشمیرکے رھنماوں نے او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس کو مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے فوری حل پر تاکید کی۔
واضح رہے کہ کل مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی مشترکہ صدارت پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اوغلو نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے تنازعے کا حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ،ھندوستان کے ساتھ مذاکراتی عمل میں شامل ہوا ہے اور وہ دیرینہ تنازعات کے حل کے لئے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اوغلو نے تنظیم کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کی جائے گی، جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں توثیق کی گئی ہے۔