3 فروری 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر علی لاریجانی نے شام پر صہیونی ریاست کے فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کواس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ شام کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھا کر علاقائی ممالک پر جارحیت کرے۔

ابنا: ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے عراق ، لبنان اور الجزائر کے پارلیمانی اسپیکروں سے ٹیلیفون پر الگ الگ گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ فلسطین بدستور دنیائے اسلام کا اوّل مسئلہ ہے اور خطے میں موجودہ صورتحال کے باوجود مسلم اقوام ، صہیونی ریاست کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی حمایت کرتی ہیں۔اس ٹیلیفونی گفتگو میں لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے بھی شام پر صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا کہ شام میں آج کل جو ہورہا ہے اسلامی مزاحمت کو کمزور کرنے اور صہیونی ریاست کے مفادات کےتحفظ  کےلئے ہورہا ہے۔اس گفتگو میں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر اسامہ النجیفی نے بھی صہیونی ریاست کے مقابلے میں عراق کی حکومت اور عوام کی جانب سے شام کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سبھی اسلامی ممالک صہیونی ریاست کے مدمقابل ایک ہی صف میں ہیں۔الجزائر کی پارلیمنٹ کے اسپیکر "محمد عربی ولد خلیفہ" نے بھی علی لاریجانی سے ٹیلیفونی گفتگو میں شام کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قراردیتے ہوئے کہا کہ شام میں اصلاحات اور ڈیمو کریسی کی برقراری بحران کے خاتمے کا واحد حل ہے اور اس ملک میں اصلاحات ، شام کے عوام کی جانب سے ہونے چاہیئں اور کسی کو یہ حق نہیں کہ باہر سے انکی نمائندگی کرلے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کو اسلامی ممالک کےلئے بہت اہم قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں سے اپنے ملک کے عوام اور حکومت کی حمایت کااعلان کیا۔

.......

/169