ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے ہرچھوٹے بڑے شہر اور قریے میں جگہ جگہ چراغانی نظر آرہی ہے اور سرکاری عمارتوں کے علاوہ لوگوں نے اپنے گھروں اور عمارتوں پر بھی خوبصورت چراغانی کی ہے۔ لوگ اہل بیت علھیم السلام کی اس خوشی میں مٹھائياں تقسیم کرکے ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کررہے ہیں۔ ہر شہر اور قریے کی مسجدوں اور امام بارگاہوں نیز علماء و مراجع کرام کے گھروں میں قصیدہ خوانی اور محفلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ شب سے ہی ایران میں جگہ جگہ قصیدہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوگيا تھا۔ایران میں برادران اہل سنت بھی بڑی عقیدت سے آج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے روز ولادت باسعادت کی مناسبت سے خوشیاں منارہے ہیں۔ مشہد مقدس میں اس وقت لاکھوں زائرین کا مجمع ہے جو قصیدہ خوانی کے ساتھ ساتھ زیارت سے بھی فیض یاب ہورہے ہیں۔روضے کو نہایت ہی خوبصورتی سے سجایا گيا ہے اور نہایت ہی دیدہ زیب چراغان کیا ہے۔ مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام کا روضہ اقدس ہے۔ قم میں بھی حضرت فاطمہ معصومہ کے روضے پر زائرین کا امڈتا ہوا سمندر ہے جو انہیں ان کے جد کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مبارک باد پیش کررہا ہے۔ ایران کے تمام مقدس مقامات پر چراغانی اور سجاوٹ کی گئي ہے۔
عراق سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کربلائے معلی، نجف اشرف، سامرا اور کاظمین کے روضہ ہائے اقدس میں بھی لاکھوں زائرین کامجمع ہے جو خوشیاں منارہا ہے۔ ادھر لبنان اور شام میں بھی لوگ بڑی عقیدت و احترام سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے روز ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن منارہے ہیں۔ افغانستان، جمہوریہ آذربائجان اور وسطی ایشیا کے دیگر ملکوں میں بھی رسول وآل رسول کی خوشیاں منائي جارہی ہیں۔ سعودی عرب اور بحرین میں بھی لوگ حکومت کی کڑی نگرانی میں اپنے اپنے گھروں میں جشن منارہے ہیں۔
ادھر ہندوستان و پاکستان میں بھی آج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے دن کی مناسبت سے جشن و محافل کا اہتمام کیا گیا ہے اورلوگ خوشیاں منا رہے ہیں۔
........
/110
28 جنوری 2013 - 20:30
News ID: 386082
آج اسلامی جمہوریہ ایران سمیت ساری دنیا میں حضرت ختمی مرتبت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے روز ولادت باسعادت کی مناسبت سے خوشیاں منائي جارہی ہیں۔