ابنا: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے سورج میانی ملتان میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ہر شہری عدم تحفظ محسوس کرتا ہے،ہر طرف دہشت گردوں کی حکمرانی ہے اور ملک ایک جنگل کا منظر پیش کر رہا ہے،حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی جبکہ بلوچستان میں خصوصاً ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں سے پورے صوبے کا امن تہہ و بالا کر دیا ہے۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے کراچی میں رکن صوبائی اسمبلی سید منظر امام، ان کے محافظوں اور مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے دیگر شہداء کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کو روکنے میں صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اگر حالات کو نہ سنبھالا گیا تو کراچی بھی کوئٹہ ثابت ہوگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہماری امن پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھی جائے،اگر گورنر بلوچستان نے صوبے میں امن کے حوالے سے کوئی ٹھوس اقدامات نہ کئے تو ہم دوبارہ احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے، اور یہ احتجاج پہلے سے زیادہ ہوگا۔اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر مولانا مظہر عباس، مولانا اختر حسین نسیم، مولانا سید مجاہد عباس گردیزی، مولانا کاشف ظہور نقوی، مولانا عون محمد نقوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
.......
/169-110