ابنا: ملّی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے داعی اتحاد امت اور جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کی رحلت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اُنکی وفات حسرت آیات کو عالم اسلام کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ قاضی حسین احمد کے صاحبزادے قاضی آصف لقمان، جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن، مرکزی نائب امیر مولانا سراج الحق اور صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم سے ٹیلی فون پر تعزیت کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ قاضی حسین احمد پاکستان میں اتحاد و وحدت اُمت مسلمہ کے سب سے بڑے داعی تھے۔ جن کی تمام حیات پاکستان کی اُمت مسلمہ کیلئے وحدت و یگانگت، فرقہ واریت کے خاتمے اور مملکت خُداداد پاکستان کو بیرونی اور سامراجی طاقتوں کے تسلط سے آزاد کرانے کی جدوجہد سے عبارت تھی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مرحوم جذبہ اخوت، ایمان، محبت اور خلوص سے لبریز شخصیت کے مالک تھے اور ایک عالم باعمل کی صورت اُنہوں نے اپنی زندگی اُمت مسلمہ کی وحدت و سرفرازی کیلئے وقف کر رکھی تھی اور اپنی حیات کی آخری سانس تک عالم اسلام کی سربلندی اور باطل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جو کردار اُنہوں نے ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔ ملّی یکجہتی کونسل کے سنیئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ قاضی حسین احمد کی وفات حسرت آیات پاکستان اور عالم اسلام کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے اور اُنکی وفات سے عالم اسلام میں پیدا ہونے والا خلاء مشکل سے پُر ہو گا۔
.......
/169