2 جنوری 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ مغرب ایران کے آئندہ صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کے مقصد سے ملت ایران پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے۔

ابنا: رامین مہمان پرست نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مغرب براہ راست جھڑپ اور بھاری اخراجات کرنے کے بجائے دباؤ میں اضافہ کرکے ملت ایران میں اختلاف پیدا کرنے کا راستہ ہموار کرنا چاہتا ہے تاکہ اس طرح وہ ایران کے آئندہ صدارتی انتخابات کے نتیجہ پر اثرانداز ہو سکے۔ایرانی وزارت خارجہ کےترجمان نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایران سمیت مختلف ملکوں میں داخلی بحران، قوموں کے خلاف مختلف قراردادیں پاس کروانے کے مقصد سے پیدا کیے جا رہے ہیں، مزید کہا کہ داخلی اتحاد و یکجہتی کا تحفظ، متحدہ قیادت اور انقلاب اسلامی کے اصول و اقدار کی پابندی، انتخابات سمیت مختلف حالات میں کامیابی، سازشوں کو ناکام بنانے اور اسلامی انقلاب کے تسلسل اور دوام کے تین اہم عوامل ہیں۔ انہوں نے اسی طرح دنیا میں طاقت کے ڈھانچے میں تبدیلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سوویت یونین کا شیرازہ بکھرنے کے بعد مغرب نے یہ خیال کیا کہ علاقے میں اس کے پروگراموں پر عمل درآمد کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے لیکن اسلامی بیداری کے آغاز اور مغرب کی حمایت کے بغیر عوام کی اپنی سرنوشت کی تعیین میں شرکت نے بین الاقوامی نظام میں تبدیلیاں پیدا کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت نے اس بیداری کو روکنے کے لیے بہت سے ہتھکنڈے اختیار کیے جن میں اسلامی ممالک میں تفرقہ اور اختلاف ڈالنا بھی شامل تھا۔......./169