ابنا: شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ اور سابق مشیر وزیراعلیٰ علامہ محمد رمضان توقیر نے وفاقی وزیر غلام احمد بلور اور سینیٹر الیاس بلور سے ملاقات کی اور ان کے مقتول بھائی بشیر بلور کی شہادت پر ان سے تعزیت کی۔ علامہ رمضان توقیر نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے تعزیتی پیغام بھی بلور برادران تک پہنچایا اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اور بلور خاندان کے عزم و حوصلہ کو سراہا۔ اس موقع پر علامہ رمضان توقیر نے بشیر احمد بلور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت سے عوام ایک مخلص اور نڈر رہنماء سے محروم ہو گئے ہیں۔ ان کی شہادت ملک و قوم کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ بلور برادران نے علامہ رمضان توقیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی مظلوم اور علی (ع) والے ہیں، اہل بیت (ع) کو ماننے والے ہیں۔ ہم کربلا کے ماننے والے ہیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ دہشتگردوں کا مقابلہ پہلے بھی کیا تھا، اب بھی کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔
.......
/169