28 دسمبر 2012 - 20:30

اردن کی مختلف جماعتوں نے صہیونی ریاست کے وزیر اعظم نتنیاہو کے خفیہ طور پر انجام پانے والے اردن کے دورے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

ابنا: العرب الیوم کے مطابق اردن کی اخوان المسلمین کے رہنما ہمام سعید نے امان میں  شاہ اردن اور اسرائیلی وزیر اعظم کے درمیان ہونےوالی ملاقات کو اردنی حکام کی طرف سے خفیہ رکھے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ  اردن کے  عوام کا یہ حق ہے کہ وہ اس ملاقات کی تفصیلات سے باخبر ہوں۔اردن کی اخوان المسلمین کے رہنما ہمام سعید نے کہا کہ جرائم پیشہ نتنیاہو نے اردن کا دورہ کرکے اردن کی سرزمین کو آلودہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیامین نتنیاہو صہیونی ریاست کا سب سے متعصب ترین صہیونی ہے ، جو بیت المقدس کو یہودی آبادی میں تبدیل اور اس علاقے کی اسلامی اور عربی شناخت کو مٹانے پر پوری طرح تلا ہوا ہے۔اردن اسلامک ایکشن پارٹی کے رہنما مراد العضائلہ نے بھی امان میں شاہ اردن اور صہیونی ریاست کے وزیر اعظم کے مابین ہونےوالی ملاقات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اردن کی خارجہ پالیسی کی کمزوری  کی علامت ہے۔  انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کے وزیر اعظم سے شاہ اردن عبداللہ دوم کی ملاقات اردنی عوام کی امنگوں کا خون کرنے کے مترادف ہے۔ اردن میں جمعرات کو اس بات کا انکشاف ہوا کہ نتنیاہو نے خفیہ طور پر امان کا دورہ کیا اور شاہ اردن سے ملاقات کی ہے۔ مصر کے بعد اردن دوسرا عرب ملک ہے جس نے انیس سو بانوے میں صہیونی ریاست کو سرکاری طور پر تسلیم کیا تھا اور وادی عربہ میں اس کے ساتھ ساز باز کا معاہدہ کیا تھا۔....../110