19 دسمبر 2012 - 20:30

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماء کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ قاتل ہمارے دشمنوں سے بھیک مانگتے ہوئے اور پیسہ کھا کھا کر تھک جائیگا مگر ہم اپنی سوچ اور ارادے پر ڈٹے رہینگے۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے ڈائریکٹر تعلقات عامہ بلوچستان خادم حسین نوری اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ اور وحشیانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، مگر ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک حق کہتے رہیں گے اور کسی باطل کے سامنے سرتسلیم خم نہیں کریں گے، اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کربلا سے ہمیں یہی درس ملتا ہے۔ گذشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ خادم حسین نوری کا قتل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ دشمن ہمیں قتل و غارت جیسے حربوں سے ڈرانے کی کوشش کرتا ہے کہ شاید ہم اپنی سوچ اور نظریہ تبدیل کر دیں یا یہ شہر چھوڑ دیں۔ مگر یہ اس کی بھول ہے اور وہ ہمارے دشمنوں سے بھیک مانگتے ہوئے اور پیسہ کھا کھا کر تھک جائے گا مگر ہم اپنی سوچ اور ارادے پر ڈٹے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی قوم اور مذہب کی خاطر ہر آن کھڑے ہیں، اور ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ ہم بارہا حکمرانوں کو کہہ چکے ہیں کہ اگر پاکستان کی بقاء چاہتے ہو تو ان غیر ملکی دہشتگرد ایجنٹوں کو لگام دو، ورنہ اس وطن عزیز کا بیڑہ غرق ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی چوکیداری کرنے والے ادارے کہاں ہیں، وہ خواب غفلت سے بیدار کیوں نہیں ہوتے۔ حکمران تو آتے جاتے ہیں اور اپنے لئے سو سالہ بینک بیلنس بنا کر بھاگ جاتے ہیں۔ مگر ملک کو جتنا نقصان پہنچے گا، اس کا ازالہ کون کرے گا۔.....

/169