11 دسمبر 2012 - 20:30

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے ایران ـ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی سفیر کی جانب سے تحفظات کے اظہار کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نہیں چاہتا کہ پاکستان اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو اور قرضوں سے نجات حاصل کرے۔

ابنا: امیر جماعت اسلامی پاکستان نے لاہور میں نوائے وقت اخبار کے نامہ نگار سے گفتگو میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے اس بیان کو کہ ”امریکہ کو پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر تحفظات ہیں“ملکی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ وزارت خارجہ وضاحت کرے کہ امریکہ کس بنیاد پر ہمارے قومی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے؟ سید منور حسن نے مزید کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران نے ناصرف گیس پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک پہنچا دی ہے بلکہ پاکستان کو اس منصوبے کی تکمیل کیلئے پچاس کروڑ ڈالر امداد کی بھی پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نہیں چاہتا کہ پاکستان اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو اور قرضوں سے نجات حاصل کرے، اس سے پہلے ایران کے ساتھ بجلی کے معاہدے کو بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیا گیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکی سفیر کا یہ بیان مضحکہ خیز ہے کہ امریکہ کو پاکستان کے توانائی کے مسائل سے گہری دلچسپی ہے اور امریکہ پاکستان کی ضروریات کو پورا کرنا چاہتا ہے۔........./110