ابنا: اظہار گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے زخمی ہونے کے گیارہ دن گذرنے کے بعد شہید نذر عباس زيدی کی زخمی بیٹی سیدہ محضر زہرا کی عیادت کے موقع پر مقامی ہسپتال میں انہیں کراچی کی ملالہ قرار دیا۔ واضح رہے کے شہید نذر عباس کی بیٹی ۱۲ سالہ زخمی محضر زہرا کی عیادت کیلئے ارباب اقتدار میں سے ۱۱ دن تک عیادت کیلئے کوئی نہیں آیا تھا۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پیر کی شام شام آغا خان ہسپتال میں دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونیوالی طالبہ سیدہ محضر زہرا زیدی کی عیادت کی۔ سیدہ محضر زہرا زیدی گزشتہ دنوں دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہوئی تھیں جبکہ اسی واقعے میں ان کے والد سید نذر عباس زیدی شہید ہوئے تھے۔ گورنر سندھ نے سیدہ محضر زہرا زیدی کے عزم و حوصلے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی کی ملالہ ہیں۔ حصول تعلیم کے لئے جاتے ہوئے انہیں دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ گورنر نے سیدہ محضرزہرہ زیدی کے اقارب اور ڈاکٹرز سے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے سیدہ محضر زہرا زیدی کے علاج پر آنیوالے تمام اخراجات اور ضرورت کے مطابق دنیا میں کہیں بھی علاج کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/110
