9 نومبر 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران اور ویتنام کے صدور نے مختلف میدانوں میں تعلقات میں فروغ کے لئے تمام توانائيوں سے استفادے پر تاکید کی ہے۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق ویتنام کے دارالحکومت ہنوئي میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد اور ویتنام کے صدر چونگ تان سانگ نے آج ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔صدر احمدی نژاد نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور ویتنام کی ترقی و پیش رفت اور اقتصادیات کی تکمیل کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران دونوں ملکوں کی وسیع توانائیوں سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس سلسلے میں کوئي محدودیت نہیں ہے۔انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو زراعت ، اقتصادیات ، صنعت ، ثقافت ، سائنس و ٹیکنالوجی اور سیاحت کے مختلف شعبوں میں فروغ حاصل ہونا چاہئے کہا کہ ایران اور ویتنام کے اعلی سطحی وفود کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے اوراقتصادی تعاون کے بارے میں ہونے والے مذاکرات میں اتفاق رائے پیدا ہوا ہے۔اس پریس کانفرنس میں ویتنام کے صدر نے بھی ایران اور ویتنام کے وفود کے مذاکرات کو مثبت اور مفید قراردیا اور کہا کہ ان مذاکرات میں دونوں ممالک کے مختلف میدانوں میں تعلقات میں فروغ اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کی تشکیل کے بارے میں اتفاق رائے ہونے کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کا جائزہ لیا گيا۔صدر احمدی نژاد انڈونیشیا کے جزیرۂ بالی میں عالمی ڈیموکریسی فورم کے اجلاس میں شرکت کے بعد گذشتہ روز ویتنام پہنچے تھے جہاں انہوں نے ویتنام کے اعلی حکام سے ملاقات اور دو طرفہ تعاون اور دیگر اہم مسائل کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔...../169