ابنا: اسلام آباد اور نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں آج عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی گئی جبکہ کروڑوں فرزندان اسلام نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی ۔
نماز عید کے موقع پرعلماءکرام نے سنت ابراہیمی سمیت دیگر مسائل پر روشنی ڈالی اورمسلمانوں کی بقاء،ملکی استحکام اورترقی کے لئے خصوصی دعائیں کیں، –
پاکستان کے مختلف شہروں میں دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ حکومت نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کے تیرہ شہروں میں ہفتے کی صبح چھ بجے سے صبح دس بجے تک موبائل فون سروس بند کر دی تھی۔ سروس بند کرنے کا اعلان وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ خفیہ اداروں کی رپورٹس کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ میں تیرہ مقامات پر نمازِ عید کے اوقات میں دہشت گردی کا خدشہ ہے –
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ "ہمیں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جذبہ ایثار و قربانی‘ اخوت و بھائی چارہ اور امن و ہم آہنگی کا عہد کرنا چاہیے" -
ہندوستان کے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی ، نائب صدر حامد انصاری اور وویر اعظم منموہن سنگھ نے بھی آج عیدالاضحی کے موقع پر ہندوستانی قوم کو مبارکباد دی - پرنب مکھرجی نے اپنے پیغام میں کہا کہ "عیدالاضحی کے مبارک موقع پر میں عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور میری نیک خواہشات اپنے وطن کے عوام خاص طور پر مسلم بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں "–
.....
/169