ابنا: پاکستان میں ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کے بحران کا پرامن حل تلاش کرنے کی توانائي رکھتا ہے۔ قاضی حسین احمد نے جو جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹراحمدی نژاد کے خطاب کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر احمدی نژاد کے نظریات جو کہ ایرانی عوام کے نمائندے کے طور پر گفتگو کررہے تھے دلیرانہ ا ور حقائق پرمبنی ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سابق سربراہ قاضی حسین احمد نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام نے عالمی مسائل کے بارے میں ہمیشہ واشگاف الفاظ میں اپنا موقف بیان کیا ہے اور شجاعت سے اپنے مواقف اور مسلم امۃ کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مغربی طاقتیں انسانی حقوق سے غلط فائدہ اٹھاتی ہیں اور یہ مغربی حکومتیں ہی ہیں جو انسانی حقوق کی پامالی کی ذمہ دار ہیں۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ مغربی ملکوں میں اقتصادی بے انصافی کی بنا پر ہی عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور سرمایہ دارانہ نظام کےخلاف احتجاج کررہے ہیں۔ پاکستان کے اس کہنہ مشق سیاسی رہنما نے کہا کہ مغربی ممالک دینی اور اخلاقی اقدار کو اہمیت نہیں دیتے جس کا ایک نمونہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کا ارتکاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی حکام کو اسلامی مقدسات کی توہین کے شرمناک اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔
.....
/169